نہم جماعت کے امتحانات؛ اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ کا امتحانی مرکز کا دورہ، شفافیت اور نظم و ضبط کا جائزہ لیا

سوہاوہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے گورنمنٹ کیپٹن حسنات ہائی اسکول سوہاوہ میں قائم نہم جماعت کے امتحانی مرکز کا تفصیلی دورہ کیا اور امتحانی عمل کی شفافیت کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران کیمسٹری/جنرل سائنس کا پرچہ پُرامن، منظم اور ضابطہ کار کے مطابق جاری پایا گیا، جبکہ مجموعی انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے امتحانی مرکز میں نصب نگرانی کے نظام کا بھی جائزہ لیا اور کیمروں کو مکمل طور پر فعال پایا، جبکہ سپرنٹنڈنٹ اور انویجی لیٹرز اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیتے ہوئے موجود تھے۔
معائنہ کے دوران نقل یا کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کے شواہد سامنے نہیں آئے، جس پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے ہدایت کی کہ شفاف، منصفانہ اور پُرامن امتحانی ماحول کو ہر صورت برقرار رکھا جائے تاکہ طلبہ کو میرٹ کے مطابق مواقع فراہم کیے جا سکیں۔



