کھرالہ تا چک دولت رابطہ سڑک خستہ حالی کا شکار، شہریوں کو مشکلات کا سامنا

جہلم: کھرالہ تا چک دولت رابطہ سڑک طویل عرصے سے عدم توجہی کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوکر جگہ جگہ گہرے گڑھوں میں تبدیل ہو چکی ہے، جس کے باعث شہریوں، موٹر سائیکل سواروں اور دیگر مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مقامی مکینوں کے مطابق مذکورہ سڑک تقریباً 20 سال قبل تعمیر کی گئی تھی، تاہم تعمیر کے بعد سے محکمہ ہائی وے کی جانب سے اس کی مناسب مرمت اور دیکھ بھال پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی۔ سڑک کی سطح متعدد مقامات پر بری طرح متاثر ہے جبکہ بڑے بڑے گڑھے حادثات کا سبب بن رہے ہیں۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ سڑک پر روزانہ بھاری گاڑیوں سمیت بڑی تعداد میں ٹریفک گزرتی ہے، جس سے اس کی حالت مزید خراب ہو رہی ہے۔ بارش کے دوران گڑھوں میں پانی جمع ہونے سے صورتحال مزید خطرناک ہو جاتی ہے۔
شہریوں نے محکمہ ہائی وے اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کھرالہ تا چک دولت رابطہ سڑک کی فوری مرمت و بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ آمدورفت میں آسانی پیدا ہونے کے ساتھ ممکنہ حادثات سے بھی بچا جا سکے۔



