جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے میونسپل افسران اور جہلم پولیس کے ہمراہ 21 رمضان یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام کے جلوس کے روٹ کا پیدل دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے جلوس کے راستے میں موجود تمام رکاوٹوں اور تجاوزات کو فوری طور پر ختم کرنے کی ہدایت کی جبکہ سکیورٹی پلان پر ڈی ایس پی سٹی نے تفصیلی بریفنگ دی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں21 رمضان المبارک کے موقع پر نکالے جانے والے ماتمی جلوس کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر میثم عباس، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر، سی ای او میونسپل کمیٹی مبارک علی خان، ڈی ایس پی سٹی اور دیگر متعلقہ افسران نے جلوس کے نقطہ آغاز سے اختتام تک پیدل دورہ کیا۔ اس موقع پر جلوس کے لائسنس داران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نے ہدایت کی کہ جلوس کے راستے میں آنے والی تمام تجاوزات کو فوری طور پر ہٹایا جائے، سیکیورٹی کیمرے نصب کیے جائیں اور صفائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ڈی ایس پی سٹی سے جلوس کے راستے میں آنے والی تمام گلیوں اور سڑکوں کی بندش کے حوالے سے تفصیلات معلوم کیں۔
ڈی ایس پی سٹی نے بتایا کہ جہلم پولیس نے جلوس کی سکیورٹی کے لیے فول پروف سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا ہے۔ اس پلان کے تحت جلوس کے تمام لنک راستوں کو مکمل طور پر بند کیا جائے گا اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوس کی نگرانی کی جائے گی۔ مزید یہ کہ سینکڑوں پولیس اہلکار اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جلوس کی حفاظت پر مامور ہوں گے جبکہ ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو خود اس سکیورٹی پلان کی نگرانی کریں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے سی ای او میونسپل کمیٹی کو ہدایت کی کہ جلوس کے راستے میں حائل تمام رکاوٹوں کو ہٹایا جائے، نالیوں اور گلیوں کی بہترین صفائی کو یقینی بنایا جائے اور بروقت انتظامات مکمل کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔
مزید برآں ڈپٹی کمشنر نے لائسنس داران سے گفتگو کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ جلوس کے پرامن انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ کسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی یا ڈپٹی کمشنر آفس کے کنٹرول روم سے 24 گھنٹے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
