پنڈدادنخان: تھانہ جلالپور شریف پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گمشدہ بزرگ شہری کو تلاش کر کے بحفاظت اس کے ورثاء کے حوالے کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں محمد زراعت سکنہ ڈھوک باغ کے بیٹے نے تھانہ جلالپور شریف میں درخواست دی کہ اس کے والد لاپتہ ہو گئے ہیں، جس پر ایس ایچ او تھانہ جلالپور شریف اور ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تلاش کا عمل شروع کیا۔
پولیس نے جدید تفتیشی طریقہ کار کو بروئے کار لاتے ہوئے گمشدہ بزرگ شہری کو تلاش کر لیا اور بحفاظت اس کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا، جس پر لواحقین نے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کرنا جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے اور ایسے فلاحی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
