ضلع جہلم معدنیات کا عجائب گھر اور سیاحت کے حوالے سے آثار قدیمہ کی جنت

جہلم/ پنڈدادنخان: سالٹ رینج تحصیل پنڈدادنخان معدنیات کا عجائب گھر ہے اور سیاحت کے حوالے سے ضلع جہلم آثار قدیمہ کی جنت ہے، مالٹ رینج ضلع جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے اندر چھپے ہوئے قدرتی خزانے باہر آئیں گے تو نا صرف ضلع جہلم بلکہ پورے پاکستان کے عوام کی قسمت بدل سکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار شہر کی سماجی، رفاعی، فلاحی، کارروباری اور شہری تنظیموں کے عمائدین نے اخبار نویسوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں پھیلے ہوئے دنیا کے 126 ممالک میں مقیم جہلمی پر عزم ہیں کہ سالٹ رینج کو فری زون قرار دیا جائے اور سالٹ ریج میں چھپے ہوئے قدرتی خزانے جن میں یورینیم، پلاٹینیم ، نمک، کوئلہ اور کئی بیش بہا قیمتی معدنیات، وائلڈ لائف ، جنگلی حیات کو سامنے لا کر علاقے اور قوم کی قسمت بدلی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سالٹ رینج میں بیرونی ممالک میں مقیم سرمایہ داروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے تو یہ چھپے ہوئے قدرتی خزانے سامنے لائے جاسکتے ہیں اور متعلقہ حلقے اس حوالے سے سالٹ رینج کے بارے میں سادہ اور مختصر حکمت عملی بنا کر محکمانہ سرخ فیتہ ہٹائیں تو ملک کی معاشی حالت بھی تبدیل ہو سکتی ہے اور کئی بڑے منصوبے شروع کیے جاسکتے ہیں،لِلہ انٹر چینج کے قریب انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کرکے ضلع جہلم کی معدنیات کو دنیاء بھر میں متعارف کروایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قلعہ منگلا،قلعہ روہتاس، قلعہ نندنہ، ٹلہ جوگیاں ، سالٹ مائن کھیوڑہ سمیت دیگر سیاحتی مقامات سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن سکتے ہیں جبکہ ضلع جہلم میں موجود معدنیات سے اربوں کھربوں روپے کمائے جا سکتے ہیں جس کے لئے حکومت کو ایسا ماحول پیدا کرنا ہوگا جس سے بیرون ِ ملک میں مقیم پاکستان بلا خوف و خطر کارروبار کر سکیں ۔

Exit mobile version