پٹرولنگ پولیس راولپنڈی ریجن کی جانب سے یومِ تکبیر جوش و جذبے سے منایا گیا

سوہاوہ: یومِ تکبیر کے موقع پر پٹرولنگ پولیس راولپنڈی ریجن نے ایس ایس پی محمد بن اشرف کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے بھرپور جذبہ حب الوطنی کے ساتھ اس تاریخی دن کو منایا۔
ریجن کی تمام پٹرولنگ پوسٹوں پر خصوصی تقریبات منعقد کی گئیں، جہاں قومی پرچم کو سلامی دی گئی اور ملک و قوم کی سلامتی و ترقی کے لیے دعائیں کی گئیں۔
اس موقع پر افسران کا کہنا تھا کہ 28 مئی کا دن پاکستانی قوم کے لیے یومِ تشکر اور باعثِ فخر ہے۔ اس دن پاکستان نے دنیا کو اپنی دفاعی طاقت کا بھرپور پیغام دیا اور ایٹمی قوت بن کر ناقابل تسخیر ملکوں کی صف میں شامل ہوا۔
افسران نے مزید کہا کہ آج اگر پاکستان کسی بھی دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے قابل ہے تو یہ صلاحیت ہماری ایٹمی طاقت کی مرہونِ منت ہے۔ ہم اللہ رب العزت کا شکر ادا کرتے ہیں جس نے ہمیں یہ طاقت عطا کی اور وطن عزیز کو محفوظ و مضبوط بنایا۔
یومِ تکبیر کی ان تقریبات میں پٹرولنگ پولیس کے افسران و اہلکاروں نے بھرپور شرکت کی اور قومی جذبے سے سرشار ہو کر عہد کیا کہ وطن کی سلامتی اور تحفظ کے لیے ہر وقت تیار رہیں گے۔



