گرین بس میں موبائل فون چوری کرنے والا ملزم، سہولت کار اور IMEI نمبرز تبدیل کرنے والا کمپیوٹر انجینئر گرفتار

جہلم میں گرین بس میں موبائل فون چوری کرنے والا ملزم، سہولت کار اور IMEI نمبرز تبدیل کرنے والے کمپیوٹر انجینئر کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ کالا گجراں پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے گرین بس میں شہریوں کے موبائل فون چوری کرنے والے ملزم، اس کے سہولت کار اور موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی (IMEI) نمبرز تبدیل کرنے والے کمپیوٹر انجینئر سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے مختلف اضلاع سے چوری کیے گئے 40 موبائل فونز، ڈیوائسز اور لیپ ٹاپ بھی برآمد کر لیے ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے برآمد ہونے والے موبائل فونز مختلف اضلاع سے چوری کیے گئے تھے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس کی جانب سے وارداتوں کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ جہلم پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ عوام کے اثاثوں کو نقصان پہنچانے اور جرائم میں معاونت کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔



