حکومت کا سرکاری ملازمین اور پنشنرز کی تنخواہیں و پنشن معمول سے قبل ادا کرنے کا اعلان

جہلم: پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے لیے ایک خوش آئند فیصلہ کرتے ہوئے اکتوبر 2025 کی تنخواہیں اور پنشن معمول سے قبل ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد سرکاری تعطیلات کے باعث ممکنہ تاخیر سے بچنا اور ملازمین کو بروقت مالی سہولت فراہم کرنا ہے۔
پنجاب فنانس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری ہونے والے باضابطہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو ماہِ اکتوبر 2025 کی تنخواہیں اور پنشن جمعہ 31 اکتوبر 2025 کو ادا کی جائیں گی۔ محکمہ خزانہ پنجاب کے مطابق یکم اور 2 نومبر بروز ہفتہ اور اتوار سرکاری تعطیلات ہیں، لہٰذا حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو مقررہ تعطیلات سے قبل ادائیگی یقینی بنائی جائے۔
نوٹیفکیشن سیکشن آفیسر (ایف آر) محمد یونس کے دستخط سے جاری کیا گیا، جس میں اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب سمیت تمام ضلعی اکاؤنٹس افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کا عمل 31 اکتوبر تک ہر صورت مکمل کر لیا جائے۔ مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ ادارے، اضلاع اور محکمے اس فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ ملازمین کو کسی قسم کی دشواری یا تاخیر کا سامنا نہ ہو۔
علاوہ ازیں، یہ سرکلر تمام انتظامی سیکریٹریز، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ماتحت محکموں کے سربراہان، رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، گورنر پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے دفاتر کو بھی ارسال کر دیا گیا ہے تاکہ فیصلے سے تمام متعلقہ فریقوں کو باقاعدہ طور پر آگاہ کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق حکومتِ پنجاب کی یہ ہدایت صوبے کے لاکھوں سرکاری ملازمین اور ریٹائرڈ افراد کے لیے خوشی کی خبر ہے، جنہیں اب تعطیلات سے قبل اپنی تنخواہیں اور پنشن موصول ہو سکیں گی۔ اس اقدام کو ملازمین نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیا ہے۔



