جہلم پولیس کا ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشن اور ناکہ بندی، سینکڑوں افراد اور گھروں کی چیکنگ

جہلم: دہشت گردی، جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور اہم تنصیبات کی سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جہلم پولیس نے ضلع بھر میں خصوصی سرچ آپریشنز اور ناکہ بندیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں کیں۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ضلع بھر میں 16 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 354 افراد، 158 گھروں اور 8 ہوٹلوں و بس اسٹینڈز کی چیکنگ کی گئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشنز کا مقصد جرائم پیشہ عناصر، مشتبہ افراد اور قانون شکن سرگرمیوں میں ملوث عناصر کی نشاندہی اور گرفتاری کے ساتھ ساتھ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق اہم سرکاری و حساس تنصیبات کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے ایسے سرچ آپریشنز اور ناکہ بندیاں مستقبل میں بھی جاری رکھی جائیں گی۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر گہری نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم افراد یا جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو آگاہ کریں۔
ترجمان کے مطابق بروقت اطلاع نہ صرف کسی بڑے جرم یا ناخوشگوار واقعے کو روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے بلکہ معاشرے میں امن و امان کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
جہلم پولیس نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ اگر ان کے علم میں کوئی ایسا شخص آئے جو بغیر کوائف کے رہائش پذیر ہو، مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ہو یا کسی بھی قسم کی قانون شکنی کر رہا ہو تو فوری طور پر قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔



