حضرت امام حسینؑ کی قربانی حق و انصاف کی لازوال مثال ہے، ملک ندیم عباس

پنڈدادنخان: جلالپور شریف کی معروف سماجی شخصیت ملک ندیم عباس نے کہا ہے کہ شہدائے کربلا کا پیغام آج بھی انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے۔ حضرت امام حسینؑ کی عظیم قربانی ہمیں سکھاتی ہے کہ زندگی میں انصاف، ہمدردی اور استقامت جیسے اصولوں کو ہر حال میں اپنانا چاہیے۔
میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ملک ندیم عباس کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسینؑ کی قربانی کسی مخصوص وقت یا مقام تک محدود نہیں بلکہ یوم عاشور ہر دور کے انسان کو یہ یاد دلاتا ہے کہ ظلم اور ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرنا ایمان کا تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام نے باطل قوتوں کے سامنے سر جھکانے کی بجائے حق کا علم بلند کیا اور پوری امت مسلمہ کو عزت، انصاف اور مساوات کا پیغام دیا۔
ملک ندیم عباس نے مزید کہا کہ واقعہ کربلا حق و باطل کے درمیان تاریخ کا سب سے بڑا معرکہ ہے، جو ہمیں بتاتا ہے کہ حق کا راستہ مشکل ضرور ہوتا ہے لیکن اسی میں اللہ کی خوشنودی اور دائمی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی زندگیوں میں امام حسینؑ کے اس پیغام کو اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں عدل و انصاف اور بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکے۔



