سوہاوہ: ترکی ٹول پلازہ پر ٹریفک سیفٹی آگاہی مہم، موٹر سائیکل سواروں میں سائیڈ مررز تقسیم

سوہاوہ: اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ کی زیر نگرانی آج ترکی ٹول پلازہ پر ٹریفک سیفٹی کے حوالے سے ایک مؤثر اور عوامی آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا۔

آگاہی مہم میں معروف سماجی شخصیت ایڈووکیٹ فرحت کمال کی جانب سے موٹر سائیکل سواروں میں سائیڈ مررز تقسیم کیے گئے۔ اس اقدام کا مقصد موٹر سائیکل سواروں میں روڈ سیفٹی کے شعور کو فروغ دینا اور حادثات کی شرح میں کمی لانا تھا۔

آگاہی مہم کے دوران ہر گزرنے والے موٹر سائیکل سوار کو باقاعدہ روک کر فرداً فرداً سائیڈ مررز فراہم کیے گئے۔ اس موقع پر موٹر سائیکل سواروں کو بتایا گیا کہ سائیڈ مررز نہ صرف پیچھے آنے والی ٹریفک پر نظر رکھنے میں مدد دیتے ہیں بلکہ دورانِ سفر اپنی اور دوسروں کی حفاظت کو یقینی بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ نے موٹر سائیکل سواروں اور موقع پر موجود شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹریفک قوانین کی پابندی، ہیلمٹ کے استعمال اور سائیڈ مررز کی افادیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ معمولی حفاظتی اقدامات اختیار کر کے قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکتا ہے، لہٰذا عوام کو چاہیے کہ روڈ سیفٹی کو اپنی روزمرہ زندگی کا مستقل حصہ بنائیں۔

ایڈووکیٹ فرحت کمال نے بھی اس موقع پر شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری ایک محفوظ اور مہذب معاشرے کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہر شہری اپنی ذمہ داری کو سمجھے اور قوانین پر عمل کرے تو حادثات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔

تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ کے ہمراہ ڈی ایس پی موٹروے اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر بھی موجود تھے، جنہوں نے اس آگاہی مہم کو سراہتے ہوئے اسے وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ شہریوں نے بھی اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انتظامیہ اور سماجی شخصیات کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button