جہلم میں بااثر حجام کی انسانیت سوز حرکت، تین کم عمر شاگردوں کو سرِعام مرغا بنا دیا، پولیس کا فوری ایکشن، ملزم گرفتار

جہلم میں بااثر حجام کی انسانیت سوز حرکت، تین کم عمر شاگردوں کو سر عام مرغا بنانے کی ویڈیو وائرل، پولیس کا فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ کالا گجراں کے علاقے ریلوے پھاٹک برلب جی ٹی روڈ پر ایک بااثر حجام کی جانب سے کم عمر شاگردوں پر ظلم و زیادتی کا لرزہ خیز واقعہ پیش آیا۔ حجام نے معمولی بات پر اپنے تین شاگردوں کو سرِعام جی ٹی روڈ پر مرغا بنا دیا، جس سے موقع پر تماشا لگ گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب حجام نے معمولی غلطی پر اپنے شاگردوں کو سزا کے طور پر سڑک کنارے مرغا بننے پر مجبور کیا۔ موقع پر موجود شہریوں نے اس شرمناک واقعے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی، جس کے بعد شہریوں میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔

ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ کالا گجراں کو کارروائی کی ہدایت کی۔ پولیس ٹیم نے فوری ایکشن لیتے ہوئے حجام کی دکان پر چھاپہ مارا اور کم عمر شاگردوں پر تشدد کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی، ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ معاشرے میں قانون کی عملداری برقرار رکھی جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button