جہلم: وفاقی حکومت نے عوامی سہولت کے لیے پاسپورٹ کی ہوم ڈلیوری سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت شہری اب کورئیر سروس کے ذریعے اپنا پاسپورٹ گھر کی دہلیز پر وصول کر سکیں گے۔ اس اقدام کا مقصد پاسپورٹ کے حصول کے عمل کو مزید آسان، تیز رفتار اور جدید بنانا ہے۔
پاسپورٹ آفس کے ذرائع کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے نجی کورئیر کمپنی ٹی سی ایس (TCS) کے تعاون سے ہوم ڈلیوری سروس کا آغاز کر دیا ہے، جس کے بعد شہریوں کو پاسپورٹ وصول کرنے کے لیے بار بار پاسپورٹ دفتر جانے یا طویل قطاروں میں انتظار کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
اس منصوبے کا باضابطہ اعلان ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا اور ٹی سی ایس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حسن رضا لغاری کے درمیان ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا۔ معاہدے کے تحت ٹی سی ایس کو ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا آفیشل کورئیر سروس پارٹنر مقرر کیا گیا ہے۔
نئے نظام کے تحت پاسپورٹ کے لیے درخواست دینے والے شہری درخواست جمع کرواتے وقت کورئیر کے ذریعے ہوم ڈلیوری کا آپشن منتخب کر سکیں گے، جس کے بعد تیار شدہ پاسپورٹ محفوظ اور تیز رفتار انداز میں ان کے گھر کے پتے پر پہنچا دیا جائے گا۔
حکام کے مطابق اس جدید سہولت سے نہ صرف شہریوں کا وقت بچے گا بلکہ پاسپورٹ کے اجرا اور ترسیل کے نظام میں بھی مزید شفافیت، سہولت اور بہتری آئے گی۔
ذرائع کے مطابق یہ اقدام وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے عوام دوست ویژن اور سرکاری خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے جاری اصلاحاتی پروگرام کا اہم حصہ ہے، جس کا مقصد شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے۔
