جہلم میں صحت کی جانب ایک اور تاریخی قدم

پنجاب کے ضلع جہلم میں صحت کے شعبے میں ایک اور سنگِ میل عبور کر لیا گیا۔ جدید سہولیات سے آراستہ کیتھ لیب کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور اگلے ہفتے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کا دورہ جہلم متوقع ہے۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے مشیر برائے صحت میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

کیتھ لیب کے افتتاح کے لیے تمام تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں اور شہری اس منصوبے کو علاقے کے لیے ایک بڑی نعمت قرار دے رہے ہیں۔ جہلم اور گرد و نواح کے عوام کے لیے یہ کیتھ لیب کسی تحفے سے کم نہیں، کیونکہ دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کو اب علاج کے لیے لاہور یا راولپنڈی کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔ بروقت تشخیص اور فوری علاج کی سہولت مقامی سطح پر دستیاب ہونے سے قیمتی جانیں بچانے میں مدد ملے گی۔ یہ منصوبہ دراصل حکومت پنجاب کے اس عزم کا مظہر ہے کہ صحت کی معیاری سہولیات کو صوبے کے ہر ضلع تک پہنچایا جائے۔

اس اہم کامیابی کے پیچھے مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) اظہر محمود کیانی کی انتھک محنت، وژن اور مخلصانہ قیادت نمایاں نظر آتی ہے۔ جنرل (ر) اظہر محمود کیانی نہ صرف صحت کے شعبے میں اصلاحات کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں بلکہ جہلم جیسے اضلاع میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی کو بھی اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھے ہوئے ہیں۔ ان کی عملی سوچ اور مؤثر منصوبہ بندی کے باعث آج جہلم میں کیتھ لیب جیسا جدید منصوبہ حقیقت کا روپ دھار چکا ہے۔

اسی طرح وزیر مملکت برائے ریلوے و خزانہ بلال اظہر کیانی کی خدمات بھی قابلِ تحسین ہیں۔ بلال اظہر کیانی نے ضلع جہلم میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے بھرپور کردار ادا کیا اور وفاقی سطح پر ضلع کے مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔ ان کی کوششوں اور کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ جہلم میں نہ صرف صحت بلکہ دیگر شعبہ جات میں بھی ترقیاتی کام تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

ضلع جہلم کے شہری میجر جنرل (ر) اظہر محمود کیانی اور بلال اظہر کیانی کو دل کی گہرائیوں سے خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر اسی جذبے اور دیانتداری سے کام جاری رہا تو وہ دن دور نہیں جب جہلم پنجاب کے ترقی یافتہ اضلاع میں نمایاں مقام حاصل کر لے گا۔ کیتھ لیب کا قیام اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ درست قیادت اور مخلص نیت کے ساتھ عوامی خدمت کی جائے تو مثبت تبدیلی ممکن ہے۔

بلاشبہ یہ منصوبہ نہ صرف موجودہ حکومت کی کارکردگی کا آئینہ دار ہے بلکہ آئندہ نسلوں کے لیے ایک صحت مند مستقبل کی بنیاد بھی ہے۔

 

 

 

 

 

 

(ادارے کا لکھاری کی رائے اور نیچے دیے گئے کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔)

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button