بہو کے ہاتھوں سسر کا مبینہ قتل؛ سماجی شخصیات کی کاوشوں سے خاندانی تنازعہ حل ہو گیا

1
منگلا: اوورسیز پاکستانی اور مہربانی فاؤنڈیشن کے چیئرمین راجہ محمود اور منگلا ہملٹ کی مشہور سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری ریاض کی کاوشوں سے خاندانی تنازعہ صلح کے ذریعے حل ہو گیا۔
گزشتہ روز ایک گھریلو ناچاقی کے دوران میاں بیوی کے جھگڑے میں ان کے ضعیف العمر سسر درمیان میں آئے اور ڈنڈے کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گئے۔ اس افسوسناک واقعے کا مقدمہ تھانہ منگلا میں بہو کے خلاف درج کیا گیا، جس سے علاقے میں کشیدگی اور تنازعے نے جنم لیا۔
معاملے کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے راجہ محمود اور چوہدری ریاض نے علاقے کی معزز شخصیات کے ہمراہ دونوں فریقین کے درمیان صلح کروا دی، جس سے نہ صرف کشیدگی ختم ہوئی بلکہ علاقے کا ماحول بھی خوشگوار ہو گیا۔
صلح کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ چھوٹے تنازعات کو مقامی سطح پر افہام و تفہیم سے حل کرنا چاہیے تاکہ بڑے واقعات سے بچا جا سکے۔ ان کی اس کاوش کو علاقے کے عوام نے بھرپور سراہا۔ رہنماؤں نے دعا کی کہ اللہ سب کو امن و محبت سے رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔



