آزاد کشمیر انتخابات؛ 27 جولائی کو آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کامیاب ہوگی، مہر محمد فیاض

دینہ: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن پنجاب اسمبلی مہر محمد فیاض نے کہا ہے کہ 27 جولائی کو آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کا سورج طلوع ہوگا اور حلقہ ایل اے 39 جموں 6 سے راجہ محمد صدیق جبکہ ایل اے 42 ویلی 3 سے سید شوکت شاہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ انتخابی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہونے کے بعد پنجاب کی طرز پر ریکارڈ ترقیاتی کام کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) ہی وہ جماعت ہے جو ہمیشہ ریاست اور عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔
مہر محمد فیاض نے کہا کہ پاک فوج کے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور کوئی بھی دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 27 جولائی کو اپنا قومی و جمہوری فرض ادا کرتے ہوئے بھرپور انداز میں ووٹ ڈالیں۔
اس موقع پر ایل اے 39 جموں 6 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راجہ محمد صدیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ سیاست کو عبادت سمجھ کر عوام کی خدمت کی ہے اور اپنے کیے ہوئے وعدوں کو پورا کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی قوم، اپنی تحریک اور پاکستان کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔
راجہ محمد صدیق نے کہا کہ پاکستان سے محبت کشمیریوں کے ایمان کا حصہ ہے اور وہ ہر اس سوچ کی مخالفت کرتے ہیں جو پاکستان سے تعلق کمزور کرنے کی کوشش کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہر محاذ پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور ملک کے دفاع کے لیے ان کی قربانیاں قابلِ فخر ہیں۔
اجلاس سے ایل اے 42 ویلی 3 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سید شوکت شاہ نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ 27 جولائی کو آزاد کشمیر کے عوام مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کریں گے اور میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں جماعت بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے ترقی، خوشحالی اور استحکام کے سفر کو آگے بڑھائیں گے۔
تقریب سے دیگر پارٹی رہنماؤں نے بھی خطاب کرتے ہوئے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لیں اور زیادہ سے زیادہ ووٹرز کو پولنگ کے روز ووٹ ڈالنے کے لیے متحرک کریں۔



