جہلم میں طوفان اور بارش نے تباہی مچا دی، خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق، 12 سے زائد زخمی

جہلم میں شدید طوفان اور بارش نے تباہی مچا دی، خاتون سمیت تین افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم میں شدید طوفان اور بارش سے دیواریں اور درخت گرنے سے خاتون سمیت تین افراد جاں بحق اور 12 سے زائد افراد زخمی ہو گئے جبکہ 4 بکریاں ہلاک ہو گئیں۔ تیز آندھی اور طوفانی بارش نے شہری زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا، کئی علاقوں میں درخت، دیواریں اور چھتیں گرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

جہلم میں گل افشاں کالونی میں ایک نوجوان درخت کے نیچے دب کر جان کی بازی ہار گیا جبکہ ویسٹ کالونی میں چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق ہو گئی۔ ڈھوک وہاب دین میں دیوار گرنے سے ہوٹل کا ویٹر ولی محمد موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ تینوں لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم منتقل کر دیا گیا۔

@jhelumupdates جہلم میں شدید طوفان اور بارش نے تباہی مچا دی، خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی #JhelumUpdates #Latestnews #fyp #breakingnews #foryoupagе #viralvideos ♬ original sound – Jhelum Updates

دینہ کے علاقے نکودر میں مویشی منڈی کے قریب دیوار گرنے سے تین افراد شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔ پنڈدادنخان میں ایک مکان کی چھت گرنے سے 62 سالہ شوکت علی زخمی ہوا، جسے ریسکیو ون ون ٹو ٹو نے ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈ دادنخان منتقل کر دیا۔

پنڈ دادنخان کے نواحی علاقے میں 60 سالہ صفدر بکریوں کو چرا رہا تھا کہ طوفان سے بچنے کے لیے ایک عمارت کے نیچے جا کھڑا ہوا، تاہم اچانک دیوار گرنے سے وہ اور اس کی بکریاں زد میں آ گئیں۔ حادثے میں چار بکریاں ہلاک جبکہ چار زخمی ہو گئیں جبکہ صفدر شدید زخمی ہوا۔

سوہاوہ کے نواحی علاقے ڈومیلی میں زیر تعمیر مکان کی شٹرنگ گرنے سے ایک سٹیل فکسر شدید زخمی ہو گیا، جسے تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم منتقل کر دیا گیا۔

جہلم، دینہ، سوہاوہ اور پنڈدادنخان میں شدید طوفان سے متعدد گھروں کی چھتوں پر نصب سولر پلیٹس، ہورڈنگ بورڈز اور درخت گرنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں جبکہ شہریوں کی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button