فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن، 71 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ، 12 کو جرمانے

جہلم: پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈی جی کی خصوصی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ضلع بھر میں فوڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا۔

میر رضا اوزگن کی نگرانی میں ہونے والی ان کارروائیوں کے دوران 71 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی، جس کا مقصد شہریوں کو معیاری اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔

چیکنگ کے دوران ایکسپائرڈ اشیائے خوردونوش کی موجودگی اور صفائی کے ناقص انتظامات پر 12 فوڈ بزنسز کو مجموعی طور پر 139,000 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے جبکہ 29 فوڈ بزنس آپریٹرز کو حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر بہتری کے نوٹسز جاری کیے گئے۔

حکام نے واضح کیا کہ انسانی صحت کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ ہوٹلوں، بیکریوں اور دودھ کی دکانوں کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ جاری رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور ملاوٹ مافیا کے خلاف گھیرا مزید تنگ کیا جائے گا۔

شہریوں سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ خوراک کے معیار سے متعلق شکایات فوری طور پر متعلقہ حکام کو درج کروائیں۔

Exit mobile version