جہلم: ملک بھر کی طرح جہلم میں بھی پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی۔
ریلی کا آغاز مسلم لیگ سیکرٹریٹ جادہ سے ہوا اور یہ شاندار چوک پر جا کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستان اور پاک فوج سے محبت کے پیغامات والے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر ’’پاکستان زندہ باد‘‘ اور ’’پاک فوج زندہ باد‘‘ جیسے ولولہ انگیز نعرے درج تھے۔ فضا پاکستان سے محبت اور پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کے نعروں سے گونجتی رہی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پوری قوم اپنی عظیم اور بہادر فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ پاک فوج سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ہر دشمن کی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
مقررین نے مزید کہا کہ بھارتی جارحیت یا کسی بھی قسم کی دشمنی کی صورت میں پوری قوم ایک صف میں متحد ہو کر اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہوگی اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔
ریلی میں شہریوں کی بڑی تعداد نے پرجوش انداز میں شرکت کی اور اپنے والہانہ جذبے اور محبت کے ذریعے اپنی فوج سے مکمل حمایت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
