ضلع جہلم میں محرم الحرام کے دوران امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او جہلم

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں امن کمیٹی کے اراکین، مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام، منتظمینِ امام بارگاہ، متعلقہ محکموں کے افسران اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال، مجالس اور جلوسوں کے سیکیورٹی انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی، لائٹنگ، طبی سہولیات اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے مختلف تجاویز پیش کیں اور ضلعی انتظامیہ و پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے سیکیورٹی پلان پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں تمام امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور دیگر متعلقہ محکمے محرم الحرام کے دوران مکمل طور پر متحرک رہیں گے تاکہ امن و امان کی فضا کو ہر صورت برقرار رکھا جا سکے۔
ڈی پی او نے مزید کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات، نگرانی کے مؤثر نظام اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کہا کہ محرم الحرام کے مقدس ایام میں مذہبی رواداری، بھائی چارے اور باہمی احترام کے فروغ کو یقینی بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ امام بارگاہوں، جلوسوں کے روٹس، مجالس کے مقامات، صفائی ستھرائی، سٹریٹ لائٹس اور دیگر انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے علمائے کرام، امن کمیٹی کے اراکین اور منتظمینِ امام بارگاہ پر زور دیا کہ وہ اتحاد بین المسلمین، برداشت اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں اور ضلع جہلم میں امن و استحکام کی فضا کو مزید مضبوط بنانے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔
اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے، اتحاد اور مذہبی رواداری کو فروغ دینے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا اور ضلعی انتظامیہ و پولیس کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھا جائے گا۔



