پنڈدادنخان میں 25 سالہ نوجوان دریائے جہلم عبور کرتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے علاقے میں 25 سالہ نوجوان دریا عبور کرتے ہوئے گہرے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے کامیاب آپریشن کے بعد نوجوان کی لاش پانی سے نکال لی۔
ریسکیو حکام کے مطابق پنڈی سیدپور کا رہائشی 25 سالہ نوجوان احسان خالد ولد خالد دریا کی دوسری جانب جانے کے لیے اسے عبور کر رہا تھا کہ گہرے پانی میں ڈوب گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ نوجوان کی تلاش کے لیے دو ایمبولینسز، ایک ریسکیو بوٹ اور 12 تربیت یافتہ ریسکیو اہلکار روانہ کیے گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دریا کی گہرائی تقریباً 20 سے 25 فٹ جبکہ چوڑائی تقریباً 150 فٹ تھی۔ ریسکیو اہلکاروں نے لائن سرچ اور ہک سرچ کے ذریعے سرچ آپریشن جاری رکھا اور بالآخر نوجوان کی لاش تلاش کرکے پانی سے باہر نکال لی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق نوجوان کی لاش سگھرپور پتن سے نکالی گئی، جسے مزید ضروری کارروائی کے لیے رورل ہیلتھ سنٹر جلالپور شریف منتقل کر دیا گیا۔
جاں بحق نوجوان کی شناخت احسان خالد سکنہ پنڈی سیدپور تحصیل پنڈدادنخان ضلع جہلم کے نام سے ہوئی ہے۔
