دینہ میں کیری وین اور چنگ چی رکشہ میں تصادم، دو خواتین سمیت چار افراد زخمی

دینہ میں کیری وین اور چنگ چی رکشہ میں تصادم سے دو خواتین سمیت چار افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں منگلا روڈ پر ہڈالی کے قریب کیری وین اور چنگ چی رکشہ کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 40 سالہ مظفر ولد نذر حسین، 41 سالہ محمد اسلام ولد محمد راسب، 35 سالہ لبنیٰ بی بی زوجہ مرزا توقیر اور 17 سالہ آمنہ نور ولد مرزا توقیر شدید زخمی ہو گئے۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار کیری وین بے قابو ہو کر سامنے سے آنے والے چنگ چی رکشہ سے جا ٹکرائی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ رکشہ میں سوار افراد شدید زخمی ہو گئے جبکہ حادثے کے بعد موقع پر افرا تفری مچ گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 جہلم کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال (ڈی ایچ کیو) جہلم منتقل کر دیا گیا۔



