ڈی پی او جہلم کا اردل روم، منشیات فروشوں سے رابطے پر دو پولیس اہلکار برطرف

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم طارق عزیز سندھو نے ڈی پی او آفس میں اردل روم کا انعقاد کیا۔
اردل روم میں پولیس افسران و اہلکاران کے خلاف مختلف نوعیت کی شکایات اور محکمانہ کارروائیوں پر سماعت کی گئی۔ اردل روم میں کل 32 پولیس افسران و اہلکاران پیش ہوئے، جن میں سے 12 نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
اردل روم کے دوران ڈی پی او جہلم نے تمام اہلکاروں کا موقف سنا اور میرٹ کی بنیاد پر فیصلے جاری کیے۔ سب سے اہم کارروائی میں پولیس کانسٹیبل ابرار اور کانسٹیبل عادل کو منشیات فروشوں سے رابطے رکھنے کے الزام میں محکمہ پولیس سے برطرف کر دیا گیا، جسے ایک واضح پیغام قرار دیا جا رہا ہے کہ بدعنوان عناصر کے لیے محکمہ میں کوئی جگہ نہیں۔
ڈی پی او نے مزید شوکاز نوٹسز پر فیصلے سناتے ہوئے متعدد افسران کو فرائض میں غفلت برتنے پر سروس ضبطگی، تنخواہوں میں کٹوتی اور وارننگ کی سزائیں سنائیں۔ انہوں نے تمام حاضر اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے پیشہ ورانہ امور کو ایمانداری، دیانت داری اور فرض شناسی سے انجام دیں۔
ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے کہا کہ "بہترین نظم و ضبط اور اعلیٰ تربیت ہی ایک اچھے پولیس افسر کی پہچان ہے۔ محکمہ میں نااہل، کام چور اور بددیانت اہلکاروں کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہے۔”



