جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں اشیائے ضروریہ کے سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ دکانداروں کی جانب سے مبینہ طور پر من مانے نرخوں پر روزمرہ استعمال کی اشیائے خوردونوش کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ سرکاری نرخ نامے محض کاغذوں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم، دینہ، سوہاوہ اور پنڈ دادن خان سمیت مختلف شہروں اور گردونواح میں روزمرہ استعمال کی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں من مانے اضافے نے غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ شہریوں کے مطابق دکاندار سرکاری نرخ ناموں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنی مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ دودھ، دہی، انڈے، مرغی، گائے اور بکرے کا گوشت، روٹی اور سبزیوں سمیت بنیادی ضروریاتِ زندگی کی اشیاء عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے غریب خاندانوں کے لیے روزمرہ اخراجات پورے کرنا اور دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔
عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ پرائس کنٹرول حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے مؤثر نگرانی کی جائے اور مقررہ قیمتوں سے زائد وصولی کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کو مہنگائی کے اضافی بوجھ سے ریلیف مل سکے۔
