جہلم: ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی زیرِ نگرانی جہلم پولیس میں غفلت و لاپرواہی، پیشہ ورانہ امور میں کوتاہی، کرپشن، عوامی شکایات اور پبلک سروس ڈیلیوری میں ناقص کارکردگی پر سخت محکمانہ احتساب کا سلسلہ جاری ہے۔ سال 2026ء کے دوران مختلف الزامات اور کوتاہیوں پر مجموعی طور پر متعدد افسران و اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
پولیس کے مطابق سال 2026ء کے دوران 86 افسران و اہلکاروں کو معطل، 29 کو برطرف جبکہ 3 کو ڈسچارج فرام سروس کیا گیا۔ اس کے علاوہ 129 افسران و اہلکاروں کی ترقی یا سروس ضبط کی گئی، 130 کو سینشور کیا گیا، 18 کی تنخواہوں میں کٹوتی کی گئی، ایک سب انسپکٹر کو عہدے سے تنزلی کی سزا دی گئی، 36 اہلکاروں کو جرمانے کیے گئے جبکہ 5 کی سالانہ ترقی روک دی گئی۔
دوسری جانب بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 46 افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں نقد انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ جہلم پولیس میں بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور فرائض میں غفلت برتنے والوں کے خلاف بلاامتیاز محکمانہ کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ دیانت داری اور بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ محکمانہ احتساب اور اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
