جہلم: بلدیاتی انتخابات کا طبل آخرکار بج گیا، ضلع جہلم تیسرے اور آخری مرحلے میں شامل کر لیا گیا ہے، جہاں 21 فروری 2027ء کو بلدیاتی انتخابات منعقد ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے حکومت پنجاب کی جانب سے پیش کی گئی تجویز کو تسلیم کرتے ہوئے صوبے میں بلدیاتی انتخابات تین مرحلوں میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں مرحلہ وار انتخابات کا شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق پہلے مرحلے میں 7 فروری، دوسرے مرحلے میں 14 فروری جبکہ تیسرے اور آخری مرحلے میں 21 فروری 2027ء کو بلدیاتی انتخابات منعقد ہوں گے۔
پہلے مرحلے میں لاہور، گوجرانوالہ اور گجرات ڈویژن، دوسرے مرحلے میں ساہیوال، بہاولپور اور ملتان ڈویژن جبکہ تیسرے مرحلے میں راولپنڈی، سرگودھا اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔ اس طرح ضلع جہلم میں بھی 21 فروری 2027ء کو تیسرے مرحلے کے دوران انتخابات منعقد کیے جائیں گے۔
اطلاعات کے مطابق الیکشن کمیشن نے حکومت پنجاب کو نومبر تک حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست فراہم کرنے کا پابند بنایا ہے، جبکہ الیکشن کمیشن اس فہرست کی روشنی میں 10 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کے تینوں مراحل کا باقاعدہ اور تفصیلی شیڈول جاری کرے گا۔
بلدیاتی انتخابات کی تاریخ سامنے آنے کے بعد ضلع جہلم میں ممکنہ امیدواروں نے بھی اپنی سیاسی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ امیدوار ایک بار پھر عوامی رابطوں میں متحرک دکھائی دینے لگے ہیں اور کچہریوں، تھانوں، شادی بیاہ کی تقریبات، فاتحہ خوانی اور جنازوں میں ان کی آمدورفت بڑھ گئی ہے۔
دوسری جانب سیاسی جماعتوں نے بھی اپنے امیدواروں کی نامزدگی اور مخلص و مضبوط امیدواروں کے انتخاب کے لیے مشاورت کا عمل تیز کر دیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے اعلان کے بعد ضلع جہلم کی سیاسی فضا میں سرگرمیاں بڑھنے لگی ہیں اور ممکنہ امیدوار انتخابی میدان میں اترنے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
