جہلم پولیس کا ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن، 12 سرچ آپریشنز کے دوران 5 ملزمان گرفتار

جہلم پولیس نے ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 12 سرچ آپریشنز کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم پولیس کا ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ آپریشنز اور بھرپور کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں ضلع کے مختلف مقامات پر 12 سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 371 افراد، 141 گھروں اور 15 ہوٹلز و بس اسٹینڈز کو چیک کیا گیا۔

پولیس کے مطابق سرچ آپریشنز کے دوران مختلف کارروائیوں میں 2 اشتہاری مجرمان اور 3 منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک کلو 40 گرام چرس اور 10 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔

اس موقع پر ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم فرد یا جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔

ڈی پی او جہلم کا کہنا تھا کہ بروقت اطلاع کسی بڑے جرم کی روک تھام میں مددگار ثابت ہونے کے ساتھ معاشرے میں امن و امان کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اگر کسی شہری کے علم میں کوئی ایسا شخص آئے جو بغیر کوائف کے رہائش پذیر ہو، مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ہو یا قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہو تو فوری طور پر قریبی تھانے یا پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں۔

ڈی پی او شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے، جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی۔

↑
Exit mobile version