جہلم میں بینک سے رقم نکلوانے والے تاجر اور بزرگ خاتون کو لوٹ لیا گیا

جہلم میں بینک سے رقم نکلوانے والے تاجر اور بزرگ خاتون کو لوٹ لیا گیا، خاتون سے طلائی زیورات بھی لوٹ لئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کے مختلف علاقوں میں چوری اور ڈکیتی سمیت سٹریٹ کرائم میں اضافہ ہو رہا ہے۔ دو روز قبل جادہ بینک میں کیش جمع کروانے آئے تاجر سے نقدی چھین لی گئی۔
محمدی چوک جہلم میں گزشتہ روز ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا، دن 12 بجے کے قریب محلہ سلطان پورہ کی رہائشی ایک بزرگ خاتون پنشن نکلوا کر نجی بینک محمدی چوک سے نکلی تو بینک کے پاس کھڑی ایک اور عورت بزرگ خاتون کے ہمراہ ہو گئی۔
بزرگ خاتون کمیلہ روڈ کی طرف مہندی چوک سے چند قدم آگے جیسے ہی گرائمر سکول کے پاس پہنچی تو وہاں ایک کار پہلے سے کھڑی تھی ساتھ چلتی عورت نے دھکا دے کر بزرگ عورت کو گاڑی میں ڈالا اور خود بھی جلدی سے بیٹھ گئی۔
گاڑی میں پہلے سے ایک شخص موجود تھا جو گاڑی چلا کر جادہ کی طرف لے گیا، بزرگ عورت سے نقدی اور کانوں سے سونے کی بالیاں اتار لی گئیں اور جادہ میں اتار دیا گیا۔
جہلم کے شہریوں نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ محمدی چوک کے علاقہ اور شہر میں سکیورٹی چیک پوسٹ قائم کی جائے یا سیف سٹی کے کیمرے لگوائیں جائیں، اس بینک سے نکلنے والے کافی بار لٹ چکے ہیں ۔



