وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا ضلع جہلم کا دورہ، لاکھوں روپے مالیت کے درخت کاٹ دیے گئے

جہلم/ پنڈدادنخان: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دورہ پنڈدادنخان کے موقع پر سرکاری اداروں میں انتظامات اور کارکردگی بہتر دکھانے کی کوششوں کے دوران گورنمنٹ البیرونی ڈگری کالج پنڈدادنخان میں صفائی اور خوبصورتی کے نام پر قیمتی اور نایاب درخت کٹوائے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے، جس پر شہریوں اور عوامی حلقوں میں شدید تشویش اور غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے دورہ پنڈدادنخان کے پیش نظر مختلف سرکاری اداروں میں انتظامات مکمل کرنے اور اپنی کارکردگی نمایاں کرنے کی سرگرمیاں جاری تھیں۔ اس دوران گورنمنٹ البیرونی ڈگری کالج پنڈدادنخان میں صفائی اور خوبصورتی کے نام پر مبینہ طور پر قیمتی اور نایاب درختوں کی کٹائی کی گئی، جس پر شہریوں نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کے دورے کے موقع پر وقتی طور پر بہتر انتظامات دکھانے کے لیے لاکھوں روپے مالیت کے درختوں کو کاٹ دینا انتہائی افسوسناک اقدام ہے۔ ان کے مطابق درخت کسی بھی تعلیمی ادارے کا حسن، ماحول کا اہم حصہ اور قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں، جن کی حفاظت کرنا ادارے کی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ صفائی اور خوبصورتی کے نام پر درختوں کی کٹائی کے بجائے ان کی حفاظت اور مناسب دیکھ بھال کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر درختوں کی کٹائی ضروری تھی تو اس کی منظوری کس نے دی اور کیا اس سلسلے میں متعلقہ محکموں سے اجازت حاصل کی گئی تھی؟ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ درختوں کی تعداد، نوعیت، مالیت اور کٹائی کی وجوہات کا تعین کیا جائے تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔

عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے گورنمنٹ البیرونی ڈگری کالج میں درختوں کی کٹائی کی شفاف تحقیقات کروائی جائیں، ذمہ داران کا تعین کیا جائے اور اگر غیر قانونی کٹائی ثابت ہو تو متعلقہ افراد اور انتظامیہ کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں سرسبز ماحول برقرار رکھنا ضروری ہے اور سرکاری دوروں کے لیے کیے جانے والے انتظامات کے دوران قدرتی ماحول اور قیمتی درختوں کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button