جہلم کالج آف فارمیسی اینڈ ہیلتھ سائنسز کے طلبہ کا بھاری فیسوں اور تدریسی عملے کی کمی کے خلاف احتجاج

جہلم کالج آف فارمیسی اینڈ ہیلتھ سائنسز کے طلباء و طالبات نے مبینہ طور پر بھاری فیسوں کی وصولی اور تدریسی عملے کی کمی کے خلاف پُرامن احتجاج کرتے ہوئے کالج انتظامیہ سے اپنے مطالبات فوری طور پر پورے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
احتجاج کرنے والے طلباء و طالبات کا کہنا تھا کہ کالج میں بھاری فیسیں وصول کی جا رہی ہیں، لیکن اس کے باوجود تدریسی عملے کی شدید کمی کے باعث تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ ان کے مطابق بھاری فیسیں ادا کرنے کے باوجود انہیں معیاری تعلیم اور بنیادی تعلیمی سہولیات میسر نہیں آ رہیں، جس سے ان کی تعلیمی کارکردگی اور مستقبل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ کالج انتظامیہ فیسوں کے معاملے پر نظرثانی کرے، تدریسی عملے کی کمی کو فوری طور پر دور کیا جائے اور طلباء و طالبات کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
طلباء و طالبات نے متعلقہ حکام سے بھی اپیل کی کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ان کے جائز مسائل حل کروائے جائیں تاکہ تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہونے سے بچ سکیں اور طلبہ کا تعلیمی مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔
احتجاج کرنے والے طلباء و طالبات نے واضح کیا کہ وہ اپنے تعلیمی حقوق اور بہتر سہولیات کے حصول کے لیے پُرامن انداز میں آواز بلند کر رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ کالج انتظامیہ ان کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کرے۔



