پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود جہلم میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے برقرار

جہلم: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اور غیر معمولی کمی کے باوجود جہلم میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی نہ ہو سکی، جس کے باعث مسافروں کو بدستور پرانے اور مبینہ طور پر من مانے کرائے ادا کرنا پڑ رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں گزشتہ ایک ہفتے سے مسلسل کمی دیکھنے میں آ رہی ہے، تاہم اس کمی کا فائدہ تاحال پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والے مسافروں کو منتقل نہیں کیا گیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں کمی نہیں کی، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی کوئی نمایاں تبدیلی دیکھنے میں نہیں آئی۔

مسافروں کے مطابق ٹرانسپورٹرز اپنی مرضی کے کرائے وصول کر رہے ہیں، جس سے روزانہ سفر کرنے والے افراد خصوصاً ملازمین، طلبہ اور دیگر شہریوں کو اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جب پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو ٹرانسپورٹرز فوری طور پر کرائے بڑھا دیتے ہیں، لیکن قیمتوں میں کمی کے باوجود کرائے کم نہیں کیے جاتے۔

مسافروں نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اور نگرانی کے ذمہ دار افسران دفاتر تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں، جبکہ ٹرانسپورٹ اڈوں اور روٹس پر کرایوں کی وصولی کی مؤثر نگرانی نہ ہونے کے باعث مسافروں کی جیبوں پر اضافی بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔

شہریوں نے سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد کرایوں پر نظرثانی اور نئے کرایہ نامے جاری کرنے کی ذمہ داری متعلقہ حکام کی ہے، لیکن اس حوالے سے تاحال کوئی مؤثر پیش رفت دکھائی نہیں دے رہی۔

عوامی حلقوں اور مسافروں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے، پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں کا جائزہ لے کر پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتوں کے مطابق نئے کرایہ نامے جاری کیے جائیں اور مقررہ کرایوں سے زائد وصولی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button