ڈپٹی کمشنر جہلم عاصمہ اعجاز چیمہ کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، طبی سہولیات اور عملے کی حاضری کا جائزہ لیا

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم عاصمہ اعجاز چیمہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز (ڈی ایچ کیو) ہسپتال جہلم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ اور آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈی) کا معائنہ کرتے ہوئے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ہسپتال کی فارمیسی اور طبی و دیگر عملے کی حاضری کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات میں زیرِ علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے مریضوں سے علاج معالجے کی سہولیات، ادویات کی فراہمی اور انہیں درپیش مشکلات کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔

ڈپٹی کمشنر عاصمہ اعجاز چیمہ نے ہسپتال کی فارمیسی کا معائنہ کرتے ہوئے ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو ان کی فراہمی سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے طبی اور دیگر عملے کی حاضری چیک کی اور ڈیوٹی پر موجودگی کے حوالے سے صورتحال کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت طبی امداد، معیاری علاج معالجے اور مناسب رہنمائی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عملے کی باقاعدہ حاضری، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کی بہتر دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ شہریوں کو سرکاری ہسپتال میں مؤثر اور معیاری طبی سہولیات میسر آ سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button