منگلا ہائیڈل سسٹم میں تکنیکی خرابی، جہلم سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈ مینجمنٹ شروع

منگلا/ جہلم: منگلا اور تربیلا ہائیڈل سسٹم میں تکنیکی خرابی کے باعث بجلی کی پیداوار اور دستیابی میں کمی واقع ہونے سے ملک بھر میں بجلی کے شارٹ فال میں اضافہ ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں جہلم، لاہور سمیت پنجاب اور ملک کے مختلف علاقوں میں لوڈ مینجمنٹ شروع کر دی گئی ہے۔
ترجمان آئیسکو کے مطابق آئیسکو ریجن میں بجلی کی طلب اور رسد میں عارضی فرق کے باعث لوڈ مینجمنٹ کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں تمام 11 کے وی فیڈرز پر یکساں دورانیے کی لوڈ مینجمنٹ کا طریقہ اختیار کیا گیا ہے تاکہ کسی ایک علاقے کو غیر معمولی طور پر زیادہ متاثر نہ ہونا پڑے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بجلی کی طلب کے مطابق کوٹہ دستیاب ہوتے ہی لوڈ مینجمنٹ ختم کر دی جائے گی۔ آئیسکو نے طلب و رسد کے فرق کے باعث صارفین کو پیش آنے والی پریشانی پر معذرت بھی کی ہے۔
دوسری جانب دستیاب اطلاعات کے مطابق تربیلا اور منگلا ہائیڈل سسٹم میں تکنیکی خرابی کے باعث بجلی کی مجموعی دستیابی متاثر ہوئی ہے۔ تربیلا کے دو یونٹس بند ہونے سے بجلی کی پیداوار میں کمی واقع ہوئی، جس کے نتیجے میں قومی سطح پر بجلی کے شارٹ فال میں اضافہ ہوا۔
ادھر وزارتِ توانائی کی جانب سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ صارفین کو بجلی کی فراہمی میں ممکنہ تعطل سے متعلق آگاہ رکھا جا سکے۔
آئیسکو حکام کے مطابق بجلی کی طلب و رسد کی صورتحال بہتر ہونے اور مطلوبہ کوٹہ دستیاب ہونے پر لوڈ مینجمنٹ ختم کر دی جائے گی۔



