جہلم شہر کی خوبصورتی کی بحالی کیلئے طویل مدتی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے، سید خلیل حسین کاظمی

جہلم: معروف سماجی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے شہر میں بڑھتی ہوئی تجاوزات اور بے ترتیبی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چنگ چی رکشوں، ریڑھی اور چھابڑی والوں کی وجہ سے شہر کی کشادہ سڑکیں سکڑ کر تنگ و تاریک گلیوں میں تبدیل ہو چکی ہیں، جس سے شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہر کے حسن کو بحال رکھنے کے لیے ایک طویل مدتی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے تاکہ تجاوزات کا مستقل حل نکالا جا سکے۔
سید خلیل حسین کاظمی نے تجویز دی کہ تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں تاکہ ان مسائل کا سدباب کیا جا سکے اور شہر کی سڑکیں کشادہ اور عوام کے لیے آسانی کا ذریعہ بن سکیں۔
انہوں نے شہری انتظامیہ اور متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ شہر کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے فوری اقدامات کریں اور عوام کی سہولت کو اولین ترجیح دیں۔



