جہلم: شہریوں کو سہولت فراہم کرنا نمبرداروں کی اولین ذمہ داری ہے، حسن احسن

جہلم: سرکاری محکموں اور نمبرداروں کا بنیادی کام شہریوں کو سہولت فراہم کرنا اور ان کے مسائل کو حل کرنا ہے۔ نمبردار عوامی سطح پر شہریوں کے ساتھ رابطہ قائم کر کے افسران اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔
یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جہلم حسن احسن نے تحصیل آفس جہلم میں منعقدہ نمبردار کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کنونشن کی صدارت اے ڈی سی آر جہلم حسن احسن نے کی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس کنونشن کا مقصد نمبرداروں اور سرکاری محکموں کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ کو بہتر بنانا ہے تاکہ عوام کے چھوٹے چھوٹے مسائل کے حل کے لیے انہیں دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
کنونشن میں آل پاکستان نمبردار ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری ارشد محمود اور جنرل سیکرٹری مہر تنویر نے خصوصی طور پر شرکت کی اور عوامی خدمات میں نمبرداروں کے کردار کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے نمبرداروں کو اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوگا، تاکہ عوام کے مسائل کو ان کی دہلیز پر ہی حل کیا جا سکے۔



