جہلم میں پلاسٹک شاپر بیگز کی بھرمار، ماحولیاتی آلودگی میں خطرناک اضافہ

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں پلاسٹک شاپر بیگز کے بے دریغ استعمال نے ماحولیاتی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ کر دیا ہے، جس سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔ محکمہ ماحولیات کی مبینہ غفلت کے باعث جگہ جگہ شاپر بیگز کی ہول سیل دکانیں کھل چکی ہیں، جس کے نتیجے میں ان کا استعمال بے قابو ہوتا جا رہا ہے۔

یہ پلاسٹک بیگز نہ صرف بازاروں، گلیوں اور محلوں میں بکھرے دکھائی دیتے ہیں، بلکہ کوڑا کرکٹ کے ڈمپنگ پوائنٹس پر جمع ہو کر مزید آلودگی کا سبب بن رہے ہیں۔ اکثر مقامات پر کوڑے کے ساتھ شاپر بیگز کو جلانے سے پیدا ہونے والا زہریلا دھواں شہریوں کے لیے صحت کے سنگین مسائل پیدا کر رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ زہریلا دھواں سانس کی بیماریوں، دمہ، جلدی امراض اور آنکھوں کی جلن کا باعث بن رہا ہے، جو خاص طور پر بچوں اور بزرگوں کے لیے خطرناک ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پلاسٹک بیگز کے بے دریغ استعمال اور ان کی غیر مناسب تلفی نے ماحول کو تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم اور صوبائی محتسب پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر شاپر بیگز کے نقصانات کے حوالے سے آگاہی مہم شروع کی جائے، تاکہ عوام ان کے مضر اثرات سے باخبر ہو سکیں اور متبادل ماحول دوست بیگز کا استعمال اپنائیں۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر پلاسٹک شاپر بیگز پر مکمل پابندی عائد کرے اور اس قانون پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے، تاکہ ماحولیاتی آلودگی اور صحت کے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button