جہلم پولیس کا ضلع بھر میں اسپیشل سرچ آپریشنز، 185 گھروں اور 80 افراد کی چیکنگ

جہلم: ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایت پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اسپیشل سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے، جس کے دوران مختلف علاقوں میں 6 سرچ آپریشنز کیے گئے۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ضلع بھر میں مختلف مقامات پر کیے جانے والے سرچ آپریشنز کے دوران 80 افراد، 185 گھروں اور 20 ہوٹلز و بس اسٹینڈز کو چیک کیا گیا۔ پولیس ٹیموں نے سرچ آپریشنز کے دوران مختلف مقامات پر موجود افراد اور رہائشی علاقوں کی چیکنگ کی تاکہ جرائم پیشہ عناصر اور مشکوک سرگرمیوں میں ملوث افراد کی موجودگی کا سراغ لگایا جا سکے۔

پولیس ترجمان کے مطابق ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ آپریشنز کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا، جبکہ شہریوں کے تعاون سے مشکوک افراد اور غیر قانونی سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔

جہلم پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم فرد یا جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔

پولیس کے مطابق بروقت اطلاع کسی بڑے جرم کی روک تھام میں مددگار ثابت ہونے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں امن و امان کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اگر کسی شہری کے علم میں کوئی ایسا شخص آئے جو بغیر کوائف کے رہائش پذیر ہو، مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ہو یا قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہو تو فوری طور پر اپنے قریبی تھانے یا پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی جائے۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور ضلع بھر میں قانون کی عملداری یقینی بنانے کے لیے سرچ آپریشنز کا سلسلہ برقرار رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button