جہلم سمیت ضلع بھر میں تجاوزات کی بھرمار، شہریوں کا گزرنا محال

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں تجاوزات کی بھرمار نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی، پیدل چلنا دشوار اور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔

مین بازار، سول لائن روڈ، چوک گنبد والی مسجد، قبرستان چوک، محمدی چوک، میونسپل کمیٹی کے ارد گرد، روہتاس روڈ، جادہ، جی ٹی روڈ سے ملحقہ سروس روڈ، جی ٹی روڈ جادہ تا مسہ کسوال اور اندرون شہر کی سڑکوں پر دونوں اطراف چنگ چی رکشہ والوں نے غیر قانونی رکشہ اسٹینڈ قائم کر رکھے ہیں، جس کے باعث ٹریفک کا جام رہنا معمول بن چکا ہے۔

سڑکیں سکڑ کر چند فٹ کی رہ گئی ہیں جبکہ دکانداروں نے بھی فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر سامان رکھ کر راستہ مزید تنگ کر دیا ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انتظامیہ نے تجاوزات مافیا کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ شہریوں کی بارہا شکایات اور نشاندہی کے باوجود انتظامیہ کی خاموشی اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ ضلع جہلم اور اس کے مضافاتی علاقوں کی بہتری اور تجاوزات کے خاتمے میں سنجیدہ نہیں۔

ایک طرف وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبے کو تجاوزات سے پاک کرنے کے احکامات جاری کر رہی ہیں، تو دوسری طرف جہلم شہر سمیت چاروں تحصیلیں تجاوزات مافیا کے شکنجے میں جکڑی ہوئی ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے باعث نہ صرف ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہو رہا ہے بلکہ شہر کی خوبصورتی بھی ماند پڑ رہی ہے۔

اہل علاقہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری بلدیات، کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری ایکشن لیتے ہوئے ضلع جہلم کو تجاوزات مافیا کے چنگل سے آزاد کروایا جائے تاکہ سڑکیں کشادہ ہوں اور شہریوں کو آسانی میسر آئے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button