وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کا فائدہ ہر شہری تک پہنچایا جائے گا، بلال اظہر کیانی

جہلم:‌وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے ضلع جہلم میں وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم پر عملدرآمد کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں جہلم، سوہاوہ اور دینہ کی تینوں تحصیلوں کے شہری و دیہی علاقوں میں وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے تحت سستے پٹرول کی فراہمی، رجسٹریشن کے عمل، پٹرول پمپس پر رجسٹریشن کیمپس کے قیام، ایندھن کی دستیابی اور عوام کو حکومتی ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جہلم، سوہاوہ اور دینہ کے تمام شہری اور دیہی علاقوں میں موجود پٹرول پمپس پر رجسٹریشن کیمپس کے قیام کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے لیے اہل شہریوں کو رجسٹریشن کی سہولت ان کے قریب دستیاب ہوسکے اور انہیں اس سلسلے میں غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مقرر کیے گئے فوکل پرسنز باہمی اشتراک سے رجسٹریشن کیمپس میں عوام کو سہولت فراہم کریں گے۔ اس کے علاوہ ہر یونین کونسل کی سطح پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مقامی عہدیداران رجسٹریشن اسکیم کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی معاونت کریں گے۔

وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے تحت ہر پٹرول پمپ پر فیول سبسڈی ٹوکن ملنے اور پٹرول کی فراہمی کے عمل کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جائے گی، تاکہ حکومتی ریلیف شفاف انداز میں مستحق شہریوں تک پہنچایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ وہ بدھ اور جمعرات کو جہلم، سوہاوہ اور دینہ کے شہری اور دیہی علاقوں میں موجود پٹرول پمپس کا خود دورہ کریں گے اور تینوں تحصیلوں میں وزیراعظم فیول ریلیف رجسٹریشن کیمپس اور شہریوں کو سستے پٹرول کی فراہمی کے عمل کا خود معائنہ کریں گے۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ چنگ چی، رکشوں، موٹر سائیکلوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کو سستے پٹرول کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ موٹر سائیکل، چنگ چی اور رکشے والوں کے لیے ہر ہفتے 500 روپے کا ٹوکن جاری کیا جا رہا ہے۔

وزیر مملکت کے مطابق موٹر سائیکل، چنگ چی اور رکشے والے کو 600 روپے کا پٹرول ڈلوانے پر صرف 100 روپے ادا کرنا ہوں گے، جبکہ 800 سی سی گاڑی رکھنے والے شہری کو ہر ماہ 3 ہزار روپے کی سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

بلال اظہر کیانی نے مزید کہا کہ جہلم میں چنگ چی ایسوسی ایشن کو بھی وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ اس شعبے سے وابستہ افراد بھی حکومتی ریلیف سے مستفید ہوسکیں۔

انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے موٹر سائیکل، چنگ چی، رکشے اور چھوٹی گاڑیوں والے عام لوگوں کو رعایتی قیمت پر پٹرول کی فراہمی کا آغاز کیا ہے اور اس پروگرام کا مقصد عام شہریوں کو پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات سے ریلیف فراہم کرنا ہے۔

اجلاس میں جہلم، سوہاوہ اور دینہ میں سستے پٹرول کی فراہمی کے لیے جاری رجسٹریشن کے عمل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ حکام نے وزیراعظم فیول سبسڈی اسکیم پر ضلع جہلم میں عملدرآمد کے حوالے سے کیے گئے اقدامات سے وزیر مملکت کو آگاہ کیا۔

اجلاس کے دوران مختلف پٹرول پمپس پر ایندھن کی دستیابی اور عوام کو وزیراعظم فیول سبسڈی اسکیم کے تحت سستے پٹرول کی فراہمی کے عمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ عوام تک وزیراعظم فیول سبسڈی اسکیم کے طریقہ کار اور سہولت کے بارے میں معلومات پہنچانے کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع جہلم کے تمام 91 پٹرول پمپس پر رجسٹریشن کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہر تحصیل کی سطح پر شکایات مراکز قائم کر دیے گئے ہیں اور فوکل پرسنز بھی مقرر کیے جا چکے ہیں تاکہ شہریوں کو رجسٹریشن اور فیول ریلیف اسکیم سے متعلق درپیش مسائل کے حل کے لیے متعلقہ سطح پر سہولت فراہم کی جاسکے۔

اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پٹرول پمپس پر رجسٹریشن کے عمل کو منظم بنانے اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے فوکل پرسنز کی ذمہ داریاں بھی مقرر کی گئیں۔

وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیراعظم فیول سبسڈی پروگرام کا مقصد عام شہری کو ریلیف فراہم کرنا ہے اور اس سلسلے میں تمام پٹرول پمپس پر خصوصی رجسٹریشن کیمپس قائم کیے جائیں گے تاکہ کوئی بھی اہل شہری اس سہولت سے محروم نہ رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی توجہ صرف شہری علاقوں تک محدود نہیں بلکہ دور دراز دیہات اور پس ماندہ علاقوں کے رہائشیوں تک بھی فیول سبسڈی پہنچانا ترجیح ہے۔ اجلاس میں ضلع جہلم میں جاری سبسڈی کی فراہمی کے اقدامات، رجسٹریشن کے طریقہ کار اور اب تک موصول ہونے والے نتائج پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں ضلعی انتظامیہ کے افسران کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور مختلف سیاسی و عوامی نمائندگان نے بھی شرکت کی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button