جہلم میں غیر قانونی رکشہ سٹینڈز شہریوں کے لئے وبال جان بن گئے

جہلم: اندرون شہر میں جگہ جگہ غیر قانونی رکشہ سٹینڈ شہریوں کے لئے وبال جان بن گئے۔ چھوٹی گاڑیوں کا گزرنا بھی محال ہو گیا، کاروباری طبقہ اور پیدل چلنے والے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

مین بازار، چوک گنبد والی مسجد، ریلوے روڈ، سول لائن روڈ اور سول اسپتال کے باہر رکشہ ڈرائیوروں نے رکاوٹیں کھڑی کر کے غیر قانونی سٹینڈ قائم کر لیے ہیں، جس کے باعث شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مین بازار اور اس سے ملحقہ بازاروں میں چنگ چی رکشہ ڈرائیورز نے غیر قانونی رکشہ سٹینڈ بنا کر راستے بند کر دیئے ہیں، جس کے نتیجے میں خریداری کے لئے آنے والی خواتین، بچے اور بزرگ افراد کے لئے پیدل چلنا بھی محال ہو چکا ہے۔ دکانوں کے سامنے چنگ چی رکشہ سٹینڈ قائم کر کے کاروباری حضرات کی زندگی اجیرن بنا دی گئی ہے، جبکہ منع کرنے پر رکشہ ڈرائیورز بدتمیزی پر اتر آتے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بار بار شکایات کے باوجود ٹریفک پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی اور انتظامیہ مکمل طور پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

عوامی اور سماجی حلقوں نے ڈی ایس پی ٹریفک، قائم مقام سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور موٹر وہیکل ایگزامنر سے مطالبہ کیا ہے کہ اندرون شہر جگہ جگہ قائم غیر قانونی رکشہ سٹینڈز کا فوری طور پر خاتمہ کیا جائے اور بازاروں میں چنگ چی رکشوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کی جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button