بیکریوں اور دودھ دہی کی دکانوں پر غیر معیاری اشیاء کی فروخت جاری

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں متعدد بیکریوں اور دودھ دہی کی دکانوں پر غیر معیاری اور مضر صحت اشیائے خوردونوش کی فروخت کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ضلع بھر کی بیشتر بیکریوں میں مبینہ طور پر انتہائی ناقص اور آلودہ ماحول میں کیک، بسکٹ، رس بند، مٹھائیاں اور دیگر اشیائے خوردونوش تیار کی جا رہی ہیں، جبکہ دودھ دہی کی دکانوں پر بھی ناقص اور غیر معیاری دودھ و دہی مہنگے داموں فروخت کیے جانے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی بیکری مالکان صفائی کے بنیادی اصولوں کو نظر انداز کرتے ہوئے گندگی، آلودگی اور غیر معیاری اجزاء کے استعمال سے اشیاء تیار کر رہے ہیں، جو شہریوں خصوصاً بچوں اور بزرگوں کی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار پنجاب فوڈ اتھارٹی اور متعلقہ حکام کو ان مسائل کی نشاندہی کی گئی، تاہم مؤثر کارروائی نہ ہونے کے باعث صورتحال دن بدن سنگین ہوتی جا رہی ہے۔ عوامی حلقوں نے متعلقہ اداروں کی خاموشی کو سوالیہ نشان قرار دیا ہے۔

شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مضر صحت خوراک کے استعمال سے معدے، جگر، گلے اور دیگر بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ غیر معیاری اشیاء انسانی صحت کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہیں۔

عوام نے ارباب اختیار، پنجاب فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع بھر میں بیکریوں، دودھ دہی کی دکانوں اور دیگر خوراک کے مراکز کی سخت چیکنگ کی جائے، ناقص اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے اور شہریوں کو معیاری و محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button