جہلم: شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی کا معیار مزید بہتر بنایا جائے گا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر علیزہ ریحان

جہلم: ضلع بھر میں صفائی آپریشنز اور فیلڈ سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز و منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی جہلم علیزہ ریحان کی زیرِ صدارت ستھرا پنجاب ایجنسی کے سپروائزرز کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کے دوران ضلع بھر میں صفائی کی مجموعی صورتحال، فیلڈ عملے کی کارکردگی، کوڑا کرکٹ کی بروقت جمع آوری و تلفی اور مختلف علاقوں میں جاری صفائی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سپروائزرز نے اپنی اپنی حدود میں جاری صفائی آپریشنز اور فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔
اجلاس میں فیلڈ ٹیموں کی مؤثر نگرانی، صفائی کے معیار کو برقرار رکھنے اور صفائی آپریشنز کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف امور پر غور کیا گیا۔ سپروائزرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی متعلقہ حدود میں صفائی عملے کی کارکردگی کی باقاعدگی سے نگرانی کریں اور صفائی کے مقررہ معیار کو ہر صورت برقرار رکھیں۔
علیزہ ریحان نے سپروائزرز کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں باقاعدہ موجودگی یقینی بنائی جائے اور صفائی آپریشنز کی روزانہ کی بنیاد پر مؤثر نگرانی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جانب سے صفائی سے متعلق موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو بہتر سروس ڈیلیوری فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے، کوڑا کرکٹ کی بروقت جمع آوری اور تلفی کو یقینی بنایا جائے اور فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی نہ ہونے دی جائے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز نے اس بات پر بھی زور دیا کہ صفائی آپریشنز کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے فیلڈ سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی جاری رکھی جائے تاکہ ضلع بھر میں صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے اقدامات مزید بہتر انداز میں آگے بڑھائے جا سکیں۔



