ڈسٹرکٹ اکنامک جنریشن اینڈ بزنس فسیلیٹیشن ورکشاپ، تمام ڈپٹی کمشنرز کی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت

جہلم: ضلعی سطح پر معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور کاروباری سہولیات کی بہتری کے حوالے سے ڈسٹرکٹ اکنامک جنریشن اینڈ بزنس فسیلیٹیشن ورکشاپ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیرِ صدارت منعقد ہوئی۔
ورکشاپ میں صوبہ بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، جبکہ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن بھی متعلقہ افسران کے ہمراہ شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران ضلعی سطح پر معاشی مواقع کی نشاندہی، کاروباری سرگرمیوں میں اضافے اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر کاروباری طبقے کو درپیش مسائل کے حل، سرکاری خدمات تک آسان رسائی اور کاروبار کے آغاز و توسیع کے عمل کو سہل بنانے کے مختلف پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ورکشاپ میں ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے درمیان موثر رابطہ کاری، کاروبار دوست ماحول کے قیام اور معاشی ترقی کے لیے دستیاب وسائل سے بھرپور استفادہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد ضلعی سطح پر کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینا، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنا اور مقامی معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے عملی اقدامات کو فروغ دینا ہے۔



