سردیوں میں بھی مہنگی بجلی کا خدشہ، دسمبر، جنوری اور فروری مشکل ترین مہینے قرار

جہلم: پاور ڈویژن نے دسمبر، جنوری اور فروری کے مہینوں کو بجلی صارفین کے لیے مشکل ترین قرار دے دیا ہے جبکہ سردیوں کے دوران بھی مہنگی بجلی کا اضافی بوجھ پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق دسمبر سے فروری تک فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ میں دو سے تین گنا اضافے کا امکان ہے، جس کے باعث بجلی صارفین کو اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑ سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں ایل این جی اور دیگر ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باعث بجلی کی پیداواری لاگت بڑھ رہی ہے۔ سردیوں میں پن بجلی کی پیداوار کم ہونے سے بجلی گھروں کو مہنگے ایندھن پر انحصار کرنا پڑ سکتا ہے، جس سے بجلی کی مجموعی پیداواری لاگت میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔

پاور ڈویژن ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی گیس کی قلت کے باعث بجلی گھروں کو گیس کی فراہمی بھی ایک بڑا چیلنج ہوگی۔ سردیوں میں مقامی گیس کی محدود دستیابی کے نتیجے میں بجلی کی پیداوار متاثر ہونے کا امکان ہے، جبکہ عالمی منڈی میں ایندھن کی بلند قیمتیں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ میں اضافے کا سبب بن سکتی ہیں۔

ذرائع کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ کم رکھنے کے لیے گزشتہ مہینوں میں دو گھنٹے کی لوڈ مینجمنٹ بھی کی گئی، جبکہ دسمبر سے فروری کے دوران بجلی کی لوڈ مینجمنٹ میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں ایل این جی سمیت دیگر ایندھن کی قیمتیں بلند سطح پر پہنچ چکی ہیں، جس کے اثرات آنے والے سردیوں کے مہینوں میں بجلی کی پیداواری لاگت اور صارفین کے بلوں پر پڑنے کا خدشہ ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button