سوہاوہ کے علاقے غازیوٹ میں سالانہ اکھاڑہ بیل ڈھینگری کا شاندار انعقاد

سوہاوہ/ ڈومیلی: تحصیل سوہاوہ کے علاقے غازیوٹ میں چوہدری فرخ نعیم کی زیر نگرانی سالانہ اکھاڑہ بیل ڈھینگری کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں میرپور، جہلم اور چکوال سمیت مختلف علاقوں سے 60 سے زائد مشہور بیل جوڑیوں نے حصہ لیا۔ میلے میں ہزاروں شائقین نے شرکت کرکے روایتی پنجابی ثقافت کے اس منفرد رنگ کو دوبالا کر دیا۔
اکھاڑے کے موقع پر علاقے میں میلے کا سماں تھا۔ بچوں کی تفریح کے لیے جھولوں اور کھلونوں کے اسٹال سجائے گئے تھے، جبکہ کھانے پینے کی مختلف اشیا کے اسٹال بھی موجود تھے، جہاں شائقین نے خوب لطف اٹھایا۔ دن بھر پورا علاقہ میلے کی رونقوں سے گونجتا رہا اور لوگوں کی بڑی تعداد مقابلے دیکھنے کے لیے موجود رہی۔
تقریب میں سابق چیئرمین یونین کونسل کوہالی چوہدری عاشق حسین، سابق چیئرمین یونین کونسل نگیال ملک رب نواز، سابق کسان کونسلر گنگال چوہدری تصدق حسین، طاہر پٹواری، ظفر پٹواری، سیاسی و سماجی شخصیت راجہ محسن عظیم، شیراز کیانی اور سابق جنرل کونسلر بڑاگواہ راجہ رؤف کیانی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ پنڈال آمد پر تمام مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا، انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور ڈھول کی تھاپ پر خوش آمدید کہا گیا۔
اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ تھانہ ڈومیلی پولیس نے سیکیورٹی کے فرائض انجام دیے تاکہ میلے کے دوران امن و امان برقرار رہے۔
اکھاڑے کے مقابلوں کے طریقہ کار کے حوالے سے منتظمین نے بتایا کہ ہر بیل جوڑی کو مقررہ اکھاڑے کے آٹھ چکر مکمل کرنا ہوتے ہیں۔ جو بیل جوڑی سب سے کم وقت میں اپنے آٹھ چکر مکمل کرتی ہے، اسے مقابلے کا چیمپئن قرار دیا جاتا ہے۔ مقابلوں کے دوران شائقین نے ہر بیل جوڑی کی کارکردگی پر بھرپور داد دی اور نعروں کے ذریعے اپنے پسندیدہ بیلوں کی حوصلہ افزائی کی۔
مقابلوں کے اختتام پر کامیاب بیل جوڑیوں کے مالکان میں مہمانانِ خصوصی نے شیلڈز اور نقد انعامات تقسیم کیے اور انہیں مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر موجود شائقین کا کہنا تھا کہ ایسے روایتی میلے ہماری ثقافت اور پہچان ہیں۔ یہ تقریبات نہ صرف تفریح کا ذریعہ بنتی ہیں بلکہ لوگوں کو ایک دوسرے سے ملنے، باہمی تعلقات مضبوط بنانے اور بھائی چارے کو فروغ دینے کا موقع بھی فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری فرخ نعیم ہر سال اکھاڑے کا انعقاد کرکے پنجابی ثقافت اور روایتی کھیلوں کو زندہ رکھنے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔



