وزیر کھیل پنجاب کی جانب سے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر جہلم کی کارکردگی کا اعتراف، تعریفی مراسلہ جاری

جہلم: صوبائی وزیر برائے توانائی، کھیل و امورِ نوجوانان پنجاب فیصل ایوب کھوکھر نے اسپورٹس جمنازیم جہلم کے افتتاح اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دورۂ جہلم کے موقع پر بہترین انتظامات کرنے پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر جہلم محمد طارق کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تعریفی مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
صوبائی وزیر نے اپنے مراسلے میں تقریب کے کامیاب انعقاد کے لیے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر جہلم اور ان کی ٹیم کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں اور انتظامی امور کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ مراسلے میں تقریب کی جامع منصوبہ بندی، انتظامات، پروٹوکول، سیکیورٹی کوآرڈینیشن، مقام کے انتظام و انصرام اور مہمان نوازی کے معیار کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔
صوبائی وزیر فیصل ایوب کھوکھر کے مطابق ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد طارق نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، ذمہ داری اور محنت سے تقریب کے کامیاب انعقاد میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور تقریب میں شریک دیگر معززین کی جانب سے بھی سراہا گیا۔
مراسلے میں محمد طارق کی فرض شناسی، پیشہ ورانہ وابستگی اور محکمانہ ذمہ داریوں سے لگن کو محکمہ کھیل کے دیگر افسران کے لیے قابلِ تقلید قرار دیا گیا۔ صوبائی وزیر نے مستقبل میں بھی اسی جذبے، محنت اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دینے کی توقع کا اظہار کیا۔
ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر جہلم کے نام جاری کیا گیا یہ تعریفی مراسلہ وزیراعلیٰ پنجاب کے دورۂ جہلم اور اسپورٹس جمنازیم کی افتتاحی تقریب کے انتظامات میں ان کی خدمات کی باضابطہ پذیرائی ہے۔



