ریسکیو 1122 کی دریائے جہلم میں فلڈ موک ایکسرسائز، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا

جہلم: دریائے جہلم کے کنارے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایک فرضی مشق (فلڈ موک ایکسرسائز) کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد ممکنہ سیلابی صورتحال اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے اداروں کی تیاری، باہمی رابطہ کاری اور ریسکیو اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔
فرضی مشق کی نگرانی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جہلم سنیہ صافی، اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف، چیف آفیسر ضلع کونسل ضیاء اللہ رانجھا اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 انجینئر فرحان مرزا نے کی۔
مشق کے دوران ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیموں نے سیلابی صورتحال، دریا میں ڈوبنے کے واقعات، ہنگامی انخلاء، ابتدائی طبی امداد اور ریسکیو آپریشنز کے مختلف مراحل کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کی ہدایات پر منعقدہ اس مشق میں محکمہ صحت، ایریگیشن، لائیو اسٹاک، سول ڈیفنس، پبلک ہیلتھ، زراعت، لوکل گورنمنٹ، ایجوکیشن اور دیگر اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر فرحان مرزا نے سیلابی صورتحال میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے، فلڈ سیکٹرز کی تشکیل، ریسکیو ٹیموں کی تعیناتی اور ڈوبنے والے افراد کو بچانے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی نے کہا کہ سیلاب جیسے مشکل حالات میں لوگوں کو بروقت ریسکیو کرنا انتہائی اہم ذمہ داری ہے اور ضلعی انتظامیہ تمام اداروں کے ساتھ مل کر بھرپور تیاری جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کی تیاریوں کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں عوام کی مدد کیلئے تمام ادارے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں۔
اس موقع پر افسران نے مختلف محکموں کی جانب سے لگائے گئے آگاہی و امدادی اسٹالز کا بھی دورہ کیا اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل تیاری برقرار رکھی جائے تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔



