پنجاب میں موٹرسائیکل رجسٹریشن اور ٹرانسفر فیس ختم

جہلم: حکومت پنجاب نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے موٹرسائیکل رجسٹریشن اور ٹرانسفر سے متعلق مختلف فیسوں میں نمایاں رعایت کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت شہریوں کو مالی سہولت فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر موجودہ حالات کے پیش نظر موٹرسائیکل سواروں کے لیے فیول سبسڈی اسکیم بھی متعارف کروائی گئی ہے، جبکہ اسی سلسلے میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے مزید آسانیاں فراہم کرتے ہوئے متعدد فیسیں معاف کر دی ہیں۔
اعلامیے کے مطابق موٹرسائیکل ٹرانسفر فیس 605 روپے، ایڈیشنل رجسٹریشن مارک فیس 1000 روپے اور اسمارٹ کارڈ فیس 1300 روپے مکمل طور پر معاف کر دی گئی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ یہ رعایت 6 اپریل سے 5 مئی 2026 تک حاصل کی جا سکتی ہے۔
حکام کے مطابق اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ موٹرسائیکل درخواست دہندہ کے اپنے نام پر رجسٹرڈ ہو، تاکہ وہ فیول سبسڈی اسکیم میں بھی شامل ہو سکے۔
حکومت پنجاب کے اس ریلیف پیکج کے تحت مجموعی طور پر 20 کروڑ روپے کا بوجھ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن برداشت کرے گا، جس سے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
واضح رہے کہ یہ رعایت لائف ٹائم ٹوکن ٹیکس پر لاگو نہیں ہوگی، تاہم ٹرانسفر اور رجسٹریشن سے متعلق دیگر چارجز بدستور معاف رہیں گے۔
ڈائریکٹر جنرل محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن عمر شیر چٹھہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی موٹرسائیکل اپنے نام پر رجسٹر کروائیں اور حکومتی سبسڈی اسکیم سے مستفید ہوں۔



