کرسمس کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے، ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او جہلم

1

جہلم: بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے اور کرسمس کی تقریبات کے موقع پر شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی مشترکہ زیر صدارت بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں شہر بھر کے تمام مذہبی رہنماؤں اور کمیونٹیز کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران مسیحی رہنماؤں نے اپنی کمیونٹی کو درپیش مختلف مسائل کی نشاندہی کی، جس پر ضلعی انتظامیہ نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے تاکہ مسیحی برادری اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی مکمل تحفظ اور آزادی کے ساتھ کر سکے۔

ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے بھی اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام مذاہب کو اپنی عبادات اور مذہبی رسومات کی مکمل آزادی حاصل ہے اور انتظامیہ ہر شہری کے مذہبی عقائد اور عبادت گاہوں کا احترام یقینی بنائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی اقلیتی برادری کے مذہبی عقائد میں رکاوٹ ڈالنے یا امن و امان خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

ضلعی سربراہان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور تمام کمیونٹیز کے تعاون سے جہلم میں بین المذاہب ہم آہنگی کی فضا کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ تمام شہری بلا امتیاز رنگ و نسل، ایک پرامن اور محفوظ ماحول میں زندگی گزار سکیں۔

یہ اجلاس اس بات کا بھی پیغام ہے کہ جہلم میں تمام مذہبی کمیونٹیز کے تحفظ اور احترام کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

Exit mobile version