ندی نالوں میں نہا کر دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے 11 افراد گرفتار

سوہاوہ پولیس نے دریاؤں اور ندی نالوں میں نہا کر دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے 11 افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دریاؤں، ندی نالوں اور گہرے پانی والے مقامات پر نہانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر رکھی ہے تاکہ ڈوبنے اور دیگر ناخوشگوار واقعات سے قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے 11 افراد کو موقع سے گرفتار کیا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے مقدمات درج کر لیے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی احکامات پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور عوامی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دریاؤں، ندی نالوں، برساتی کھالوں اور گہرے پانی والی جگہوں پر نہانے سے گریز کریں اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی حادثے اور جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

حکام کے مطابق حالیہ دنوں میں ڈوبنے کے متعدد واقعات کے پیش نظر حفاظتی اقدامات مزید سخت کیے گئے ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button